94

احتجاجی جلسہ کرنے پراپوزیشن کے خلاف مقدمہ درج

متحدہ حزبِ اختلاف کی جانب سے گزشتہ روز لاہور کے مال روڈ پر یومِ سیاہ کے موقع پر احتجاجی جلسہ کرنے پر پولیس نے متحدہ اپوزیشن کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔

مقدمہ ایس ایچ او سول لائنز کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے جس میں متعدد دفعات لگائی گئی ہیں۔

مقدمے میں مسلم لیگ نون کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف، پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما قمر زمان کائرہ کے علاوہ دیگر اپوزیشن رہنماؤں وحید گل، رانا محمد ارشد، رابعہ نسیم فاروقی، شیخ روحیل اصغر، ڈاکٹر اسد اشرف، عظمیٰ بخاری سمیت متعدد افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔

متحدہ اپوزیشن کے خلاف درج کی گئی ایف آئی آر کے متن میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ جلسے کے کئی شرکاء نے ڈنڈے اٹھا رکھے تھے۔

ایف آئی آر کے متن میں مزید کہا گیا ہے کہ مظاہرین نے مال روڈ کو چاروں اطراف سے بند کر دیا تھا، جس کی وجہ سے شہریوں کو دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔

ایف آئی آر کے متن میں یہ بھی الزام لگائے گئے ہیں کہ مظاہرین نے ساؤنڈ سسٹم لگا کر اشتعال انگیز تقاریر کیں، پولیس بیریئر توڑ دیئے، بینرز اور پوسٹر پھاڑ دیئے، پولیس ملازمین سے مزاحمت کی اور حکومت مخالف نعرے لگائے۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں