47

ٹریفک پولیس اہلکاروں پر مبینہ تشدد,2 لڑکے گرفتار

کراچی کے علاقے مجاہد کالونی سے پولیس نے آپریشن کے دوران 11 افراد کو حراست میں لے لیا جبکہ گلبرگ کے قریب ٹریفک پولیس اہلکاروں پر مبینہ تشدد کرنے کے الزام میں 2 لڑکوں کو گرفتار کر لیا گیا۔

پولیس نے کراچی کے علاقے گلبرگ میں ٹریفک پولیس اہلکاروں پر تشدد کرنے کے الزام میں 2 نوجوانوں صہیب اور اشعر کو گرفتار کر لیا۔

ان دونوں نوجوانوں کی گرفتاری پر گلبرگ پولیس اسٹیشن کے باہر شہریوں نے پولیس کے خلاف احتجاج کیا اور نعرے بازی کی۔

اس موقع پر اشعر کے والد نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ اشعر اور صہیب قربانی کے جانوروں کے لیے چارہ لینے گئے تھے کہ راستے میں پولیس والے غریب رکشے والے پر تشدد کر رہے تھے جس کی بیٹے نے ویڈیو بنائی، جس پر ٹریفک پولیس اہلکاروں نے بیٹے اور اس کے دوست کو مارا اور ان کے کپڑے پھاڑ دیئے۔

پولیس کی جانب سے درج مقدمے میں دونوں نوجوانوں کے خلاف کارِسرکار میں مداخلت اور تشدد کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔

مجاہد کالونی میں پولیس نے سرچ آپریشن کیا ہے جس کے دوران 11 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔

سرچ آپریشن کے دوران علاقے کے داخلی اور خارجی راستے سیل کر کے تلاشی لی گئی۔

پولیس کے مطابق زیرِ حراست افراد کے کوائف اور کریمنل ریکارڈ چیک کیا جائے گا۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں