58

کشمیر پر جنگ خطے کے لیے نہیں پوری دنیا کے لیے تباہی ہو گی

وفاقی وزیرِ بحری امور علی حیدر زیدی نے بھارتیوں کو 1952ء میں بھارتی ایوان میں کشمیریوں سے کیا گیا نہرو کا وعدہ یاد دلا دیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک بیان میں علی زیدی نے کہا ہے کہ معلوم ہوتا ہےکہ سات دہائیوں سے بھارتی سرکار کشمیریوں اور عالمی برادری کو دھوکا دے رہی ہے۔

انہوں نے نہرو کی تقریر کے الفاظ شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ نہرو نے طاقت کے زور پر کشمیری عوام کی خواہشات کے برعکس ان پر کوئی فیصلہ مسلط کرنے سے انکار کیا تھا۔

علی زیدی نے کہا کہ نہرو نے کہا تھا کہ ہم جبری شادی یا زبردستی کا اتحاد نہیں چاہتے، اگر کشمیریوں کی مرضی نہیں تو ان کے لیے ان کا اپنا راستہ ہے، ہمارے لیے ہمارا راستہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ تاریخ نے قائدِ اعظم کو ایک بار پھر سچا ثابت کر دیا، دو قومی نظریے اور مسلمانوں کے لیے الگ ملک کے فیصلے کی حقیقت پھر سچ ثابت ہوئی۔

وزیرِ بحری امور کا کہنا ہے کہ ذہانت اور دیوانگی کے درمیان ایک باریک سے لکیر ہے، نریندر مودی کا آرٹیکل 370 کی منسوخی کا اقدام ذہانت کا مظاہرہ ہرگز نہیں۔

علی زیدی نے قائد اعظم محمد علی جناح کا قول شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ سفارتکاری اور مذاکرات ترجیح جبکہ جنگ آخری راستہ ہونا چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ موت برحق ہے، شہادت بہترین درجہ ہے، جنگ مسلط کی گئی تو پاکستانی پہلے سے کہیں زیادہ تیار ہیں لیکن کشمیر پر جنگ خطے کے لیے نہیں پوری دنیا کے لیے تباہی ہو گی۔

علی زیدی نے کہا کہ اقوام متحدہ کی قرار دادوں کی صورت میں عالمی برادری نے کشمیریوں کو ان کا حق دلانے کا وعدہ کیا ہے۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں